پاکستان کے جارح مزاج نوجوان بیٹر حسن نواز کا کہنا ہے کہ میں پریشر میں زیادہ بہتر کھیلتا ہوں۔
نوجوان بیٹر حسن نواز نے کہا کہ اب مڈل آرڈر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جسے پورا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہوں۔
حسن نواز نے بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹی 20 میں صرف 22 گیندون پر 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں چار چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔
22 سالہ نوجوان کرکٹر نے پاکستان سپر لیگ سیزن 10 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی اور تیسےر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے، حسن نے ٹورنامنٹ میں 399 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں شامل تھیں۔
پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے حسن نواز نے کہا کہ اگرچہ انہوں نے پورے کیریئر میں اننگز کا آغاز کیا ہے لیکن اب مڈل آرڈر میں اپنی نئی ذمہ داری کے مطابق ڈھالنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سے اوپنر رہا ہوں مجھے نہیں معلوم تھا کہ میں مڈل آرڈر میں بھی اچھی کارکردگی دکھا سکتا ہوں لیکن اب جکہ مجھے یہ کردار دیا گیا ہے تو اسے پورا کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔
حسن نواز نے کہا کہ چاہے ڈومیسٹک کرکٹ ہو یا پی ایس ایل، میں نے کبھی دباؤ محسوس نہیں کیا، میں پریشر میں بہتر کھیلتا ہوں اسی وجہ سے میری کارکردگی اچھی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا مقصد پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنا اور جیتنا ہے، ورلڈ کپ جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ بننا بھی خواب ہے۔