دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ولیمے کی بڑی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ کی اہلیہ سامعہ آرزو نے کہا ہے کہ حسن علی سے ملاقات کے بعد کرکٹ دیکھنا شروع کی، موقع ملا تو اسٹیڈیم جاؤں گی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی کے ہوٹل میں کرکٹر حسن علی کے ولیمے کی تقریب ہوئی جس میں دونوں طرف کے قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
شادی کے بعد پہلی بار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سامعہ کا کہنا تھا کہ حسن سے ملاقات سے قبل کرکٹ کے بارے میں کچھ نہیں معلوم تھا، البتہ بعد میں میچز دیکھنا شروع کیے اور اب مستقبل میں حسن علی کے میچ دیکھنے اسٹیڈیم جاؤں گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ دو خاندانوں کے ملنے پر مثبت ردعمل سامنے آیا جس پر میں سب کی ممنون و مشکور ہوں۔ حسن علی کی دلہنیا نے بالخصوص پاکستانی مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مزید پڑھیں: کرکٹر حسن علی اور سامعیہ آرزو رشتہ ازدواج میں منسلک
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن علی کا کہنا تھا کہ کسی بھی مسلمان کی زندگی میں نئی زندگی کی شروعات بہت بڑا دن ہے، مبارک باد دینے والے تمام لوگوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔
فاسٹ باؤلر نے اعلان کیا کہ مداحوں اور دیگر چاہنے والوں کے لیے پاکستان میں بھی ولیمے کی ایک تقریب جلد رکھی جائے گی جس میں سامعہ بھی شریک ہوں گی۔ دبئی میں ہونے والی شادی کی تقاریب میں شاداب خان واحد کرکٹر تھے جنہوں نے اپنی فیملی کے ہمراہ شرکت کی۔