اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے خلاف پوری چارج شیٹ آگئی ہے، جے آئی ٹی تمام حقیقت سامنے لے آئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، شہزاد اکبر نے کہا کہ جے آئی ٹی حکومت نے نہیں سپریم کورٹ نے بنائی ہے، جے آئی ٹی اس لیے بنائی گئی تاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کی جے آئی ٹی بھی پی ٹی آئی پٹیشن پر سپریم کورٹ نے بنائی تھی، اپوزیشن جے آئی ٹی بنانا چاہتی ہے تو جائیں عدالت اور پٹیشن دائر کریں۔
ایک سوال کے جواب میں شہزاد اکبر نے کہا کہ علیمہ خان نے سرکاری عہدہ کبھی نہیں رکھا۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس پر جے آئی ٹی سپریم کورٹ پر حکم پر بنائی گئی ہے، میں نے کل جو باتیں کیں وہ سب جے آئی ٹی میں لکھا ہے، میں جے آئی ٹی سے نہیں ملا، کئی بار تردید کرچکا ہوں۔
یہ پڑھیں: جے آئی ٹی نے زرداری سسٹم کو بے نقاب کر دیا ہے: شہزاد اکبر
واضح رہے کہ گزشتہ روز شہزاد اکبر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ جے آئی ٹی نے زرداری سسٹم کو بے نقاب کردیا ہے، منی لانڈرنگ سمجھنے کے لیے صدیوں تک آصف زرداری کی داستان کا ذکر رہے گا۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ پیسے ایک سے دوسرے اور پھر تیسرے اکاؤنٹ میں ڈالے جاتے رہے، منی لانڈرنگ کیس دیکھا جائے تو اس کے سامنے نواز شریف کو بے چارہ سمجھتا ہوں، غیر ملکی سرمایہ کاری کے نام پر بینک اکاؤنٹس کے بجائے بینک ہی بنا لیا گیا۔