لاہور : حضرت داتا گنج بخش کے نو سو تہتر ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے دربار پرحاضری دی اور قبر پر چادر چڑھا کر تقریبات کا آغاز کیا۔
تفصیلات کے مطابق حضرت داتا گنج بخش کے نو سو تہتر ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، تقریبات تین روز جاری رہیں گی، عرس کے موقع پر داتا دربار پھولوں سے سج گیا اور داتا دربار کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ دھمال نے سماں باندھ دیا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے دیگر شخصیات کے ساتھ دربار پر حاضری دی اور مرکز تجلیات پر چادر چڑھائی۔
عرس میں روزانہ ایک لاکھ لٹر دودھ زائرین میں تقسیم کیا جائے گا، مختلف اداروں، صاحب حیثیت اور منتیں پوری ہونے والے افراد کی جانب سے لنگر تقسیم کیا جارہا ہے۔
عرس کے موقع پر پولیس اہلکار چوکس ہیں جبکہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ
آپ کا پورا نام شیخ سیّد ابو الحسن علی ہجویری ہے، کنیت ابو الحسن لیکن عوام و خواص سب میں "گنج بخش” یا "داتا گنج بخش” (خزانے بخشنے والا) کے لقب سے مشہور ہیں۔ آپ 400 ہجری میں غزنی شہر سے متصل ایک بستی ہجویر میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد بزرگوار کا اسم گرامی سید عثمان جلابی ہجویری ہے۔
جلاب بھی غزنی سے متصل ایک دوسری بستی کا نام ہے جہاں سید عثمان رہتے تھے۔ علی ہجویری ، حضرت زید کے واسطے سے امام حسین کی اولاد سے ہیں۔
حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ کی ہستی ان اولیائے کرام اور صوفیائے کرام میں سے ایک ہے ۔جنہوں نے بر صغیر پاک و ہند کے ظلمت کدوں کو نورِ اسلام سے منور کیا اور اپنے قول و فعل سے حضور اکرم ﷺ کا اسوہ حسنہ لوگوں کے سامنے پیش کیا۔
حضرت داتا گنج بخش علی بن عثمان شیخ علی ہجویری عظیم صوفی بزرگ تھے جنہوں نے اپنی زندگی میں ہزاروں انسانوں کو مسلمان کی۔