پی ایس ایل 10 میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
پی ایس ایل 10 کی ڈرافٹنگ تقریب 11 کے بجائے اب 13 جنوری کو لاہور میں ہوگی جس میں 6 ٹیمیں کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی جس کے لیے کیٹیگریز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر، ٹم ساؤتھی، کرس لین سمیت 40 اوورسیز پلیئر پلاٹینیم کیٹیگری میں دستیاب ہیں۔
پلاٹینیم کیٹیگری میں میتھیو شارٹ، مجیب الرحمان، مائیکل بریسویل، کوشال مینڈس اور جیسن روئے جیسے کھلاڑی بھی موجود ہیں۔
پلاٹینیم کیٹیگری میں آٹھ غیرملکی کھلاڑیوں کا انتخاب ہوسکتا ہے جبکہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں 87 اور گولڈ میں 165 غیرملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔
نسانکا، اسالنکا، فن ایلن چیپ مین، جیسن ہولڈر، ایڈم ملنے، شان ایبٹ، کوربن بوش، ڈیرل مچل، ایلکس کیری، عثمان خواجہ، شکیب الحسن اور مستفیض الرحمان بھی سیزن ٹین کے ڈرافٹ میں دستیاب ہیں۔
علاوہ ازیں پلاٹینم کیٹیگری کے لیے ڈرافٹ پک آرڈر کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کو ابتدائی راؤنڈ میں پہلا انتخاب ملے گا، اس کے بعد ان کے روایتی حریف کراچی کنگز ہوں گے۔
2019 کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسرے نمبر پر جبکہ پشاور زلمی چوتھی پک لے گی۔
گزشتہ سیزن کی رنر اپ ملتان سلطانز پانچویں نمبر پر کھلاڑی کا انتخاب کرے گی جبکہ موجودہ چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ چھٹے نمبر پر کھلاڑی پک کرے گی۔