لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اپنے صاحبزادے عبداللہ کو چیمپئن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے لیے عبداللہ بہت خوش قسمت ثابت ہوا۔
تفصیلات کے مطابق لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میں تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد کپتان سرفراز احمد نے برطانوی میڈیا کے ساتھ اپنے صاحبزادے عبداللہ کے ہمراہ مختصر بات چیت کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
کپتان کا کہنا تھا کہ کرکٹ جس ملک کا قومی کھیل ہے اُس کے ہوم گراؤنڈ پر اُن ہی کی ٹیم کو شکست دینے میرے لیے بہت بڑی خوشی ہے، میرا بیٹا اصل چیمپئن اور خوش قسمتی کا باعث ہے۔
مزید پڑھیں: لارڈز ٹیسٹ : پاکستان کی نو وکٹوں سے شاندار فتح
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ لارڈز کے میدان میں فتح حاصل کرنا ناقابل بیان ہے، میں جہاں بھی جاؤں بیٹا ساتھ ہوتا ہے جو میرے لیے بہت اچھا اور پرسکون احساس ہے۔
بات چیت کے دوران مزاحیہ منظر اُس وقت پیش آیا کہ جب کپتان کےصاحبزادے نے اینکر کا مائیک بھی پکڑا جس پر دونوں کی ہنسی نکل گئی۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے کر شاندار فتح اپنے نام کرلی، پاکستان نے64 رنز کا ہدف ایک وکٹ پرپورا کیا ، پاکستان کی یہ مسلسل دوسری فتح تھی۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد 19 نومبر 2015 کو سابق امپائر کی صاحبزادی خوش بخت سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے جس کے بعد اُن کے گھر میں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔