ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

مکی آرتھر کی کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقاتیں، کارکردگی رپورٹ جمع کرادی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقاتیں کیں اور ورلڈ کپ 2019 میں ٹیم کی کارکردگی رپورٹ جمع کرادی۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے پی سی بی حکام سے ملاقات کی جس میں ایم ڈی پی سی بی وسیم خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان ودیگر موجود تھے۔

مکی آرتھر نے ورلڈ کپ، انگلینڈ سیریز پر رپورٹ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کو جمع کرائی، ہیڈ کوچ کی رپورٹ کرکٹ کمیٹی اجلاس میں زیر بحث آئے گی۔

مکی آرتھر نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ بدقسمتی سے ورلڈ کپ کا آغاز اچھا نہیں کرسکے، پاکستان ٹیم نے آخری چار میچز میں اچھا کم بیک کیا۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم فیلڈنگ مسائل کا شکار ہے جسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے سے قومی ٹیم کو فائدہ ہوا۔

انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ٹاپ آرڈر بہتر ہے لیکن مڈل آرڈر پر کام کرنے کی ضرورت ہے، رن ریٹ کی بنیاد پر فیصلہ نہ ہوتا تو پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کھیلتی۔

علاوہ ازیں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کرکٹ ٹیم کے انڈر 19 کھلاڑیوں کے کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

یاد رہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی کوچنگ کی مدت میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2020 تک توسیع دئیے جانے کا امکان ہے جبکہ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلور پہلے ہی مدت پوری ہونے پر عہدہ چھوڑ چکے ہیں۔

ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کپتان تبدیل کرنے کی کوئی جلدی نہیں ہے سوچ سمجھ کر کپتان کی تبدیلی کا فیصلہ کیا جائے گا، گزشتہ روز ذرائع کا کہنا تھا کہ سرفراز سے ٹیسٹ کی کپتانی لے کر شان مسعود کو کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں