کراچی : وزیرصحت سندھ ڈاکٹرعذراپیچوہو کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے کورونا ویکسین سے متعلق انتظامات مکمل کرلیے گئے، وفاق سے اطلاع ملی ہے کہ کورونا ویکسین آنے میں وقت لگے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرصحت سندھ ڈاکٹرعذراپیچوہو نے کوروناویکسین کی حوالے سے انتظامات کے بارے میں کہا کہ سندھ حکومت ویکسین کےسلسلےمیں ایک جامع پالیسی بنائےگی ، وفاق سےاطلاع ملی ہے کہ کوروناویکسین آنےمیں وقت لگے گا، اس سے پہلے 15 جنوری کے بعد ویکسین کی دستیابی کا بتایا گیا تھا۔
ڈاکٹرعذراپیچوہو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ویکسین انتظامات مکمل کرلیے گئے، پہلے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد کے بعد ہر ڈویژن میں انتظامات کیےجائیں گے۔
وزیرصحت سندھ نے کہا کہ ویکسین کے نیٹ ورک کا انتظام سندھ کے ہر ضلع میں کیا جائے گا ، پبلک،پرائیویٹ فرنٹ لائن ورکرز کو پہلے ویکسین لگائی جائےگی، امید ہے وفاقی حکومت کی جانب سے جلد ویکسین کا انتظام کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی جانب سےویکسین مینجمنٹ سسٹم بنایاجائے گا ، اس مینجمنٹ سسٹم سےویکسین کی ٹریکنگ بھی کی جاسکے گی۔