اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے صحت عامر کیانی کے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے، حکومت سرکاری اسپتالوں میں فراہم کی جانے والی ادویات کا بجٹ بڑھائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرصحت عامر کیانی نے اسلام آباد میں واقع پمز اسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی ، ڈائلیسز سمیت کینسر کے وارڈز میں داخل مریضوں سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر صحت نے مریضوں کی خیریت دریافت کی اور اسپتال کی جانب سے ملنے والی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔
عامر کیانی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں ساتھ ساتھ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کے مفت ٹیسٹ اور علاج کی بہترین سہولت کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں: 22 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کر دیے، مزید 90 لاکھ تقسیم کریں گے: وفاقی وزیر صحت
انہوں نے ہدایت کی کہ ادویات کی قلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، مریضوں کوعلاج کی ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنا حکومت کا فرض اور حق ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پرسرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولتیں مزید بہتر بنائی جارہی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مریضوں کوسہولتوں کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت جلد اسپتالوں میں فراہم کی جانے والی ادویات کا بجٹ بھی بڑھائے گی۔