جمعرات, جنوری 23, 2025
اشتہار

کراچی میں ٹائیفائیڈ ویکسینیشن کے بعد متعدد بچوں کی حالت خراب

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : کراچی کے اسکولوں میں ٹائیفائیڈ ویکسینیشن کے دوران طلباء کی حالت خراب ہوگئی، ویکسینیشن کے بعد چھ بچے بے ہوش ہوگئے جبکہ کئی بچوں نے الٹیاں بھی کیں، تاہم بچوں کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں انسداد ٹائفائیڈ مہم دوسرے روز بھی جاری ہے، تمام نجی و سرکاری اسپتالوں سمیت اسکولوں اور بنیادی صحت مراکز پر ٹائیفائیڈ ویکسین مفت فراہم کی جارہی ہے۔

کراچی میں بعض علاقوں میں ٹائیفائیڈ ویکسین سے اسکول کے طلبہ وطالبات میں تکالیف کی شکایت سامنے آئیں ، اورنگی ٹاؤن میں ٹائیفائیڈ ویکسینیشن کے دوران متعدد بچوں کی حالت خراب ہوگئی ، ویکسینیشن کے بعد چھ بچے بے ہوش ہوگئے جبکہ کئی بچوں نے الٹیاں بھی کیں۔

- Advertisement -

بچوں میں درد اور بخار کی بھی شکایتیں سامنے آئیں، بچوں کی حالت خراب ہونے پر والدین اور دیگر رشتے دار اسکول پہنچے اور اسکول میں ہنگامہ آرائی کی ، جس کے بعد پولیس کی نفری بھی اسکول پہنچ گئی، پولیس کے مطابق بچوں کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں : پاکستان دنیا میں ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی نئی ویکسین متعارف کروانے والا پہلا ملک

گذشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا  کا کہنا تھا  کہ  پاکستان دنیا میں ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی نئی ویکسین متعارف کروانے والا پہلا ملک بن گیا، ٹائیفائیڈ میں اضافے کے باعث ویکسین کے استعمال کا فیصلہ کیا، ایک کروڑ بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔

خیال رہے ملک میں پہلی انسداد ٹائیفائڈ مہم جاری ہے، جو 30 نومبر تک جاری رہے گی، اس کے دوران 9 ماہ سے 15 سال تک کے بچوں کو انسداد ٹائیفائیڈ ویکسین دی جائے گی۔

حکومتِ پاکستان نے یہ نئی ویکسین ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعے منظور کروائی ہے اور یہ ویکسین صوبہ سندھ میں دو ہفتوں کی حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے دوران استعمال کی جائے گی کیونکہ صوبہ سندھ میں 2017 کے بعد سے اب تک ٹائیفائیڈ کے 10,000 کیسز درج کیے گئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں