کراچی : پائلٹس کے مشتبہ لائسنسز کی بحالی کےلیے 10 مارچ کو قائم نظرثانی بورڈ نے اپیلوں پر سماعت کا آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئرلائن کے متعدد پائلٹس کے لائسنس مشتبہ قرار دئیے جانے کے معاملے پر سماعتوں کا آغاز ہوگیا ہے، بورڈ نے درخواست گزار پائلٹس کو 27 اپریل کو اسلام آباد طلب کرلیا۔
سینئر جوائنٹ سیکریٹری ایوی ایشن کی سربراہی میں تین رکنی بورڈ قائم ہوا تھا، جس نے سماعت کےلیے اجلاس چیئرمین نظرثانی بورڈ کے دستخط سے طلب کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کے دیگر ارکان میں ایڈیشنل ڈی جی ایوی ایشن سی اے اے شامل ہیں جب کہ بورڈ کے تیسرے رکن ونگ کمانڈر محمد طاہر کا تعلق پاک فضائیہ سے ہے۔
سیکریٹری میری ٹائم کی سربراہی میں کمیٹی نے لائسنسز مشتبہ قرار دئیے تھے تاہم مشتبہ اور مبینہ جعلی قرار لائسنسز کی اکثریت کو عدالت نے بحال کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ مشتبہ قرار دئیے گئے لائسنسز کے باعث متعلقہ پائلٹس کو گراؤنڈ کردیا گیا تھا۔