اسلام آباد: پاکستان کی ماڈل کورٹس میں مقدمات کی تیز ترین سماعتوں کا سلسلہ جاری ہے، 373 ماڈل عدالتوں نے آج مجموعی طور پر 496 مقدمات کا فیصلہ سنایا۔
تفصیلات کے مطابق زیر التوا مقدمات کی تیز ترین سماعت کے لیے قائم کی گئی عدالتوں کی کارکردگی جاری ہے، 167 ماڈل کورٹس نے آج قتل اور منشیات کے 103 مقدمات کا فیصلہ سنایا۔
اعلامیے کے مطابق تمام عدالتوں نے کُل 647 گواہان کے بیانات قلم بند کیے، تمام عدالتوں نے 5 مجرموں کو سزائے موت جب کہ 4 کوعمر قید کی سزا سنائی، جب کہ 35 مجرموں کو 41 سال 5 ماہ قید، 2287300 روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔
96 سول ایپلٹ ماڈل کورٹس نے 210 دیوانی، فیملی، رینٹ اپیلوں کے فیصلے کیے، 110 ماڈل مجسٹریٹس عدالتوں نے 183 مقدمات کے فیصلے کیے، ان تمام عدالتوں نے 55 مجرموں کو 30 سال قید اور 287400 روپے جرمانہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ماڈل کورٹس کی تیز ترین سماعتیں جاری، 418 نمٹا دیے، 6 مجرمان کو سزائے موت
ماڈل عدالتیں سپریم کورٹ آف پاکستان کی خصوصی ہدایت پر بنائی گئی ہیں، جو ہزاروں زیر التوا کیسز کو تیز ترین سماعت کے ذریعے نمٹا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ 4 اکتوبر کو ان عدالتوں نے 418 مقدمات نمٹائے تھے، 6 مجرموں کو سزائے موت اور 13 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی، 27 مجرموں کو کُل 82 سال 5 ماہ 3 دن قید اور 48 لاکھ 43 ہزار روپے سے زیادہ جرمانہ عائد کیا گیا۔
ماڈل مجسٹریٹس عدالتوں نے 169 مقدمات کے فیصلے کیے جن میں 71 مجرموں کو 77 سال، 2 ماہ قید، 4409410 روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔