کراچی : محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا، جس میں کہا درجہ حرارت معمول سے چار سے سات ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ،پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئے، سبی اور دادو گرم ترین شہر جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچ گیا۔
سکھر ،لاڑکانہ میں 44 اور نوابشاہ میں 43 ڈگری کو چھو گیا جبکہ ملتان ،بہاولپور اور ڈی جی خان میں 41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے آج سے گیارہ اپریل تک ملک کے جنوبی حصوں میں ہیٹ ویوجیسی صورتحال اور شمالی حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے سندھ، وسطی جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت معمول سے چار سے سات ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
سبی دادو، نوابشاہ میں آج درجہ حرارت آڑتالیس، سکھر اور تربت میں چھیالیس، ڈگری کو چھوسکتا ہے جبکہ بہاولپور،ڈیرہ غازی خان 43 ،ملتان میں 42 ، ساہیوال اور سرگودھا میں 41 اور لاہور میں 40 ڈگری سنٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
کراچی سمیت سندھ میں بارش کا بھی دور دور تک کوئی امکان نظر نہیں آرہا، شہر میں گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں رواں سال اپریل میں درجہ حرارت میں چار اعشاریہ چار ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا پے کہ اپریل میں معمول کا اوسط درجہ حرارت 34.7 ڈگری ہے۔ اس سے قبل چودہ اپریل 1947 میں درجہ حرارت 44 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیاتھا، جبکہ اپریل 2021 میں 43.6 اور 2002 میں 43.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل، مئی اور جون میں ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول کے مطابق بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب مغربی ہوائوں کا سسٹم آج رات ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جواسلام آباد، بالائی پنجاب،کے پی، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض علاقوں میں بارش اور گرد آلود ہوائوں کا سبب بنے گا۔