بدھ, فروری 19, 2025
اشتہار

رمضان المبارک کا دوسرا ہیٹ ویو، کراچی میں آج سورج پھر آگ برسائے گا، سمندری ہوائیں بھی بند

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا اور کہا ہے کہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا، سمندری ہوائیں بھی نہیں چلیں گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب بھی کم ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق موسم گرما اور رمضان المبارک میں کراچی میں آج سے شدید گرمی کی نئی لہرشروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے ، درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ گرمی کی لہر آئندہ تین روز جاری رہے گی۔

شہر کا موجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب صفر ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بند ہونے سے ہیٹ ویو آنے کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں، اس حوالے سے صوبائی اور شہری حکومتوں کے زیر انتظام اسپتالوں میں پہلے ہی ہیٹ اسٹروک ایمرجنسی نافذ ہے۔

ہیٹ ویو کی پیش نظر کمشنر کراچی کی زیر نگرانی ضلعی حکومتوں، رینجرز اور پولیس نے ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کررکھے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر منگل سے بارشوں کی پیش گوئیاں کی جارہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں بدھ کو45 اور جمعرات کو 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، متعلقہ ادارےپانی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں، فی الوقت کراچی میں بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہری گذشتہ دنوں پڑنے والی گرمی کی طرح احتیاط کریں اور شدید ہیٹ ویو اور ہوا میں نمی کم ہونے پر بلاضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں اور ضرورت پڑنے پر دھوپ میں نکلتے وقت سر گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں۔

روزہ دار افطار وسحر میں دودھ دہی لسی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں، تلی ہوئی اشیاء اور فریج میں رکھے باسی کھانے اور کھلی فضاء میں فروخت ہونے والے کٹے فروٹ استعمال نہ کریں اور ساتھ ہی ساتھ ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لئے دن میں دو بار نہانا بہتر رہے گا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ،سکھر،لاہور ،ملتان ،فیصل آباد،پشاور سمیت ملک بیشترعلاقوں میں موسم گرم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ تربت میں موسم شدید گرم اور پارہ اڑتالیس ڈگری سے تجاوز کرنے کاامکان ہے جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات گرج چمک کیساتھ بارش بھی متوقع ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں پچاس ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں