کراچی: شمالی علاقہ جات میں پی آئی اے پروازوں کے خراب موسم میں رخ موڑنے کے معاملے پر انتظامیہ نے نوٹس لے لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شمالی ایئر فیلڈ میں پروازوں کے رخ موڑے جانے سے بھاری مالی نقصان پر انتظامیہ نے نوٹس لے لیا، اس سلسلے میں چیف پائلٹ نارتھ فلائٹ آپریشن کیپٹن عمران سہیل نے چیف پائلٹ ایئر بس 320 اور اے ٹی آر کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
نارتھ فلائٹ آپریشن کے چیف پائلٹ نے مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ خراب موسم میں پروازوں کی روانگی اور پرواز کے رخ موڑنے سے گریز کیا جائے۔ کیپٹن عمران سہیل نے کہا کہ شمالی ایئر فیلڈ میں موافق موسم کے بارے میں یقین دہانی پر ہی پرواز روانہ کی جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ایئر پورٹ پر پرواز کی محفوظ لینڈنگ یقینی ہونے پر ہی پرواز روانہ کی جائے، پروازوں کا رخ موڑنے سے ایئر لائن کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ادھر ذرایع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے چیف پائلٹ نارتھ کی جانب سے جاری کردہ اس خط پر اے ٹی آر کپتانوں نے تحفظ کا اظہار کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہمالیہ کا موسم اچانک خراب ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے پرواز کا رخ موڑنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق 5 کلو میٹر کے فاصلے پر بادل 2 ہزار اوپر اور 2 ہزار فٹ نیچے آ جائیں تو لینڈنگ کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔