تھرپارکر: صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر اور سانگھڑ میں بجلی گرنے کے واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق تھرپارکر اور سانگھڑ کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 26 افراد جاں بحق ہوگئے، متاثرہ علاقوں میں بجلی گرنے سے درجنوں مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔
سانگھڑ کی تحصیل کھپرو کے علاقے اچھڑو تھر میں بھی آسمانی بجلی گرنے کے دو مختلف واقعات میں 3 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ گاؤں جھواڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے تیس سالہ سلیمت اور ان کا دس سالہ بیٹا جاں بحق ہوئے۔
گورنر سندھ کا تھرمیں آسمانی بجلی گرنے سے اموات پر اظہارافسوس
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تھرمیں آسمانی بجلی گرنے سے اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفت سے ہوئے جانی نقصان پر غمزدہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی ڈی سی کی نگرانی میں ریسکیو کاعمل تیز کیا جائے، وفاق مشکل گھڑی میں ہرممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے متاثرہ علاقوں میں بلدیاتی اداروں اور محکمہ صحت کو متحرک ہونے کی ہدایت کردی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز تھر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی جس کے باعث موسم کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔