کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، مون سون کا دوسرااسپیل کل شام تک اثر انداز ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا ہے کہ مون سون کے دوسرے اسپیل میں کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، سمندری ہوائیں معطل ہونے سےگرمی زیادہ محسوس ہوگی۔
سردار سرفرازکا کہنا تھا کہ کراچی میں کہیں درمیانی اورکہیں تیزبارش ہوسکتی ہے اور کل بھی شہر میں بارش کا امکان ہے، مون سون کادوسرااسپیل کل شام تک اثر انداز ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35ڈگری سینٹی گریڈرہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کمشنر کراچی ، حیدرآباد ، میرپور خاص ، سکھر اور لاڑکانہ کو ہنگامی مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے جنوب مشرقی حصے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تھر،عمر کوٹ،میرپورخاص ،بدین اورٹھٹھہ میں مٹی کےطوفان کاخدشہ ظاہرکیاگیا جبکہ کراچی ، حیدرآبادمیں آج رات اور کل ہلکی اور تیزبارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع کے کمشنرز فوری طور پر حفاظتی اقدامات کریں اور جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کئے جائیں۔