بیجنگ: مون سون بارشوں کے بعد چین میں سیلاب سے 154 افراد ہلاک اور 124 لاپتہ ہوگئے ہیں،جبکہ شمالی صوبے ہیبی میں تین لاکھ افراد بے گھر ہوگئے.
تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے آغاز میں شروع ہونے والے بارشوں کے سلسلے نے چین میں تباہی مچادی،سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے پورے ملک میں مکانات سمیت لوگوں کی زمینیں بھی تباہ ہوگئیں،چینی حکام کےمطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیبی میں ہوئیں،جہاں سیلاب کے حوالے سے عدم آگہی کے باعث زیادہ نقصان ہوا.
صوبائی حکومت کے مطابق ہیبی سےتین لاکھ افراد کو باہر نکالا گیا جہاں بے گھر لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے خیمے،کمبل، بارشوں کے لیے حفاظتی جوتے اور جنریٹرز کی اشد ضرورت ہے جبکہ صوبے کے ایک شہر زنگٹائی میں 25 افراد ہلاک اور 13 لاپتہ ہیں.
زنگٹائی کے قریبی گاؤں ڈیکسن میں بدھ کے روز اس وقت سیلاب نے تباہی مچادی تھی جب لوگ رات کے وقت اپنے گھروں میں سورہے تھے جس کے باعث 3 بچوں سمیت 8 افراد ہلاک جبکہ ایک شخص لاپتہ ہوگیا تھا.
واضح رہےصوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ شمالی صوبے ہیبی میں صرف 114 افراد ہلاک اور 111 تاحال لاپتہ ہیں،جبکہ چین میں اب تک شدید بارشوں کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 154 ہوگئی ہے.