کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کراچی میں رات میں تیز بارش ہوگی، شہری غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
تفصیلات کے مطابق سمندر میں ہوا کے کم دباؤ اور ممکنہ طوفان کے سلسلے میں محکمہ موسمیات نے تیسرا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ سمندر میں ہوا کا کم دباؤ مسلسل شدت اختیار کر رہا ہے، اور ہوا کا یہ کم دباؤ 18 سے 20 گھنٹوں میں طوفان بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کا رخ کراچی کی جانب ہے، اور یہ شہر قائد سے 240 کلو میٹر دور ہے، یہ دباؤ کراچی کے قریب سے گزرتا ہوا بلوچستان کی جانب جائے گا۔
کراچی: تیز ہواؤں سے کے الیکٹرک کا پول رکشے پر گر گیا
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ لو پریشر کے قریب آتے ہی کراچی میں تیز آندھی چلے گی، اور رات کے وقت تیز بارش ہوگی، اس لیے احتیاطاً شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
واضح رہے کہ آج کراچی کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش برسی تھی، جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کے باعث مختلف مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے کے واقعات رونما ہوئے، گلستا ن جوہر میں تیز ہواؤں سے کے الیکٹرک کا پول رکشے پر گرا، رکشے میں کئی افراد سوار تھے، تاہم خوش قسمتی سے تمام افراد محفوظ رہے۔