اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ میدانی علاقے اگلے 2 سے 3 دن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک، میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا امکان ہے۔
کراچی میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے ، محکمہ موسمیات کی جناب سے کہا گیا کہ دن میں موسم شدید گرم اورمرطوب رہےگا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ نمی کےباعث گرمی کا احساس 40 ڈگری تک ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک کے میدانی علاقے اگلے 2 سے 3 دن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، وسطی و جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری زائد رہنے کی امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں شام کے وقت آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک، آندھی اور ژالہ باری دیگر علاقوں میں شدید گرمی کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی، بعداز دوپہر گرد آلود ہوائیں چلنےاور بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں شدید گرمی، تیز ہواؤں متوقع ہے۔
کشمیر و گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
گذشتہ روز اسلام آباداورراولپنڈی میں تیزہواؤں کےساتھ موسلادھاربارش ہوئی تھی ، جس سے موسم خوشگوارہوگیا تھا۔
پشاورمیں بھی طوفانی ہوائیں چلیں، ہلکی بارش ہوئی تاہم آندھی کےدوران مختلف علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرگئیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا ایک بچہ جاں بحق پانچ افراد زخمی ہوئے۔