بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشیں، لاہور میں تیز آندھی، 10 افراد جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: کراچی کے بعد پنجاب میں بھی موسم کے تیور بگڑ گئے، مختلف شہروں میں تیز آندھی نے تباہی مچا دی، مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق تیز آندھی کے باعث لاہور کے علاقے شاد باغ عامر روڈ پر دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق، جب کہ 7 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع نے کہا ہے کہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں مکان کی چھت گر گئی جس میں 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں، منصورہ میں چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

لاہور، خانیوال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میاں چنوں، چستیاں اور جلال پور بھٹیاں میں تیز بارش ہوئی، پنجاب میں پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

ادھر گوجرانوالہ شہر اور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے، گیپکو کے 25 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

لاہور شہر میں تیز آندھی کے باعث بجلی کا نظام معطل ہو گیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں 150 فیڈر ٹرپ کر گئے، متاثرہ علاقوں میں ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن، کیمپس، ٹھوکر نیاز بیگ شامل ہیں، جب کہ فیڈرز ٹرپ ہونے سے بند روڈ، ملتان روڈ اور ساندہ کے علاقوں میں بجلی بند ہو گئی ہے۔

باغبان پورہ، ہربنس پورہ، باٹا پور، جلو، جی ٹی روڈ، تاج پورہ میں بھی بجلی معطل ہو گئی ہے، چیف ایگزیکٹو لیسکو نے بتایا کہ بجلی کی بحالی کے لیے آپریشن جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  کراچی: مختلف علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں

بہاول نگر اور گرد و نواح میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے، طوفانی بارش سے متعدد جگہوں پر بوسیدہ چھتیں اور دیواریں گر گئیں۔

نارووال شہر اور گرد و نواح میں بھی تیز آندھی چلنا شروع ہوگئی ہے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جہانیاں، تلمبہ، حویلی لکھا میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، تلمبہ میں تیز آندھی سے کئی درخت گر گئے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

سکھیکی، پنڈی بھٹیاں اور گرد و نواح میں بھی تیز ہوا کے ساتھ بارش ہو رہی ہے، چاغی شہر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا آغاز ہو گیا ہے۔

اوکاڑہ میں مصنوعی جنگل پیپلی پہاڑ پر آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی، ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں