راولپنڈی: جڑواں شہروں میں علی الصبح موسلادھار بارش سےجل تھل ایک ہوگیا، جس کے بعد واسا راولپنڈی کو ہائی الرٹ کرکے رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مون سون کا دوسرا سسٹم رنگ جما رہا ہے ، جس سے کئی شہروں میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
جڑواں شہروں میں علی الصبح موسلادھار بارش ہوئی تو گرمی سے پریشان شہریوں نےسکھ کا سانس لیا، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جڑواں شہروں میں اب تک 60 ملی میٹربارش سے زائد ریکارڈ کی جاچکی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شمس آباد میں 60، چکلالہ میں 46، پی ایم ڈی میں 28 ، بوکڑہ میں 12، گولڑہ میں 16 اور سیدپور میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد تنویر نے کہا ہے کہ واسا راولپنڈی کو ہائی الرٹ کرکے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور نشیبی علاقوں سےنکاسی آب کیلئےہیوی مشیبنری وعملہ مصروف عمل ہے۔
ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ نالہ لئی میں پانی کابہاؤکٹاریاں کےمقام پر7.5فٹ،گوالمنڈی پل پر6.5فٹ ہے، اور کمیٹی چوک انڈرپاس کی ڈرینزکی پہلےہی صفائی کردی تھی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا بھی بادلوں کے گھیرے میں ہے ، پشاورمیں باون ملی میٹر بارش نے جل تھل ایک کردیا، جس سےموسم خوشگوارہوگیا۔
کوہاٹ،مالاکنڈ اور کرک میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جبکہ لکی مروت میں تیز بارش سےنشیبی علاقے زیرآب آگئے، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔