کراچی: شہر قائد میں بارشوں کا چوتھا اسپیل شروع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید ترین مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارشوں کے چوتھے اسپیل کا آغاز ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے آج شہر کے مختلف علاقوں کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام رہا، کورنگی سمیت بیش تر شاہ راہوں پر سگنل بند اور ٹریفک پولیس غائب رہی۔
کورنگی صنعتی ایریا میں سیکڑوں گاڑیاں گھنٹوں سے پھنسی رہیں، بروکس چورنگی، قیوم آباد چورنگی، کورنگی کراسنگ، جام صادق پل، کورنگی کاز وے، کورنگی ایکسپریس وے، نرسری اور ٹیپو سلطان پل پر شدید ٹریفک جام رہا۔
لیاقت آباد، سخی حسن، کے ڈی اے چورنگی، سولجر بازار، نشتر روڈ، ملیر کالا بورڈ، کشمیر روڈ اور طارق روڈ پر بھی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، نمایش، جہانگیر روڈ، تین ہٹی اور لیاقت آباد میں بھی ٹریفک جام رہا۔
ادھر چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کا یہ چوتھا اسپیل ہے، شہر میں کل بھی بارش کا امکان ہے، خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کا ایک اور سسٹم بن رہا ہے، جس کی وجہ سے مزید بارش کے ایک سے دو اسپیل کا امکان ہے۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کا بارش کا ریکارڈ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانڈھی میں 18 ملی میٹر، اولڈ ایئر پورٹ پر 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
موسمیات کے مطابق فیصل بیس پر 13 ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں 6.8 ملی میٹر جب کہ یونی ورسٹی روڈ پر 6.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔