ممبئی: بالی وڈ اداکار ادھیان سمن نے ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں ساتھی اداکارہ ریچا چڈھا کے خصوصی لباس سے متعلق انکشاف کر کے سب کو حیران کر دیا۔
بالی وڈ ہنگامہ اسٹائل آئیکنز 2024 کے دوسرے دوسرے ایڈیشن کے پینل میں گفتگو کرتے ہوئے ادھیان سمن نے بتایا کہ جب میں ریچا چڈھا کے ساتھ شوٹنگ کر رہا تھا تو انہیں 40 کلو وزنی خصوصی لباس پہنچ کر گھومنا تھا۔
ادھیان سمن نے بتایا کہ خصوصی لباس کے ساتھ ایک سین کی عکس بندی کیلیے اداکارہ نے 88 ری ٹیکس لیے، اور جب وہ اس سین کو کرنے میں کامیاب ہوئی تو میں نے دیکھا ان پر زخموں کے نشانات تھے۔
اداکار نے کہا کہ لڑکیوں کیلیے وزنی سوٹ کے ساتھ شوٹنگ کرنا بہت مشکل ہے۔
گزشتہ روز نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں بالی وڈ اداکارہ نے ’لاجو‘ نامی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے۔
ریچا چڈھا نے حال ہی میں بتایا تھا کہ انہوں نے مذکورہ کردار کیلیے مینا کماری المعروف ’ٹریجڈی کوئین‘ کی شاندار پرفارمنس کو دیکھا اور پیروی کرنے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے کلاسک فلم ’پاکیزہ‘ میں مینا کماری کے کردار نے کافی متاثر کیا اور اسی سے مجھے تحریک ملی۔
ویب سیریز میں سوناکشی سنہا، ادیتی راؤ حیدری، منیشا کوئرالا، شرمین سہگل، سنجیدہ شیخ، ریچا چڈھا، فردین خان، شیکھر سمن اور ان کا بیٹا ادھیان سمن اور تاہا شاہ بھی جلوہ گر ہوئے ہیں۔
’ہیرا منڈی‘ مغل دور میں لاہور کا ایک ایسا علاقہ رہا ہے جہاں طوائفیں رہا کرتی تھیں اور وہاں رقص و گیت کی محفلیں آراستہ ہوتی تھیں۔