واشنگٹن : امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے پھر جنگی معلومات سوشل میڈیا چیٹ گروپ میں ڈال دیں، اس سگنل گروپ میں پیٹ ہیگسیتھ کی اہلیہ، بھائی اور ذاتی وکیل بھی شامل تھے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگستھ نے پندرہ مارچ کو یمن میں حوثی اہداف پر متوقع فضائی حملوں کی حساس معلومات ایک نجی سگنل گروپ میں شیئر کیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے چار باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کیا ہے، اخبار میں کہا کہ اس سگنل گروپ میں پیٹ ہیگسیتھ کی اہلیہ، بھائی اور ذاتی وکیل بھی شامل تھے، جن کو حساس معلومات تک رسائی کی اجازت نہیں۔
سیکرٹری دفاع کی جانب سے سگنل گروپ میں شیئر کی گئی تفصیلات میں حملے کے لیے امریکی لڑاکا طیاروں کی پروازوں کے اوقات بھی شامل تھے۔
وزیر دفاع نے رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا اور کہا میڈیا گمنام ذرائع کا سہارا لے کر ان کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے.
پچھلےماہ بھی دی اٹلانٹک میگزین کی رپورٹ نےہنگامہ برپا کردیا تھا، قانون سازوں نے یہ لاپروائی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دی، تحقیقات اب تک جاری ہیں، پینٹاگون تین عہدیداروں کوجبری رخصت پر بھیج چکا ہے۔
واضح رہے کہ یہ وہی معلومات تھیں جو پیٹ ہیگستھ نے اسی روز ایک علیحدہ سگنل چیٹ میں بھی شیئر کی تھیں، جس میں غلطی سے دی اٹلانٹک میگزین کے ایڈیٹر کو بھی شامل کر لیا گیا تھا۔