کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کا ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کوہلو سے کوئٹہ آرہا تھا۔
ہیلی کاپٹر میں عملے کے علاوہ ایف سی کا زخمی اہلکار سوار تھا جسے کوہلو سے کوئٹہ لایا جارہا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لینڈنگ کے وقت ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔ واقعے میں پائلٹ اور دیگر عملہ محفوظ رہا تاہم زخمی اہلکار شہید ہوگیا۔
جائے حادثہ پر ریسکیو عملے کا امدادی کام جاری ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔