اسلام آباد: سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے رابطہ عالم اسلامی کا فوڈ پیکج پہنچ گیا، 6 ہزار پیکجز متاثرہ علاقوں کو بھجوا دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے فوڈ پیکج کی ترسیل کے سلسلے میں اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے، سعودی سفیر اور دیگر نے شرکت کی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے اس موقع پر کہا کہ ملک کو رواں سال پے در پے مشکلات کا سامنا رہا، لیکن سندھ میں امدادی کارروائیوں کی زیادہ ضرورت ہے، خوشی ہے کہ سعودی عرب جیسے ہمارے بھائی موجود ہیں۔
تقریب میں سعودی سفیر نے کہا کہ ہم نے پہلے مرحلے میں 6 ہزار خاندانوں کو فوڈ پیکیج تقسیم کیا، سعودی حکومت اور عوام ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ ہیں، میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید بہتر کرنے کا خواہش مند ہوں۔
عالمی ادارہ صحت کا پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کا عطیہ
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کا عطیہ بھیجا تھا، اس سلسلے میں اسلام آباد میں عالمی ادارہ صحت کے دفتر میں سامان حوالگی کی تقریب منعقد ہوئی تھی۔
تقریب میں سربراہ ڈبلیو ایچ او پاکستان ڈاکٹر پلیتھا نے سامان وزارت صحت کے حوالے کیا تھا، یہ سامان 15 آئی ای ایچ کٹس پر مشتمل تھا، ہنگامی کٹ میں 3 ہزار افراد کے لیے ایک ماہ کا امدادی سامان شامل تھا۔