بھارت میں ایک مرغی نے چھ گھنٹوں کے دوران 24 انڈے دیکر پولٹری ماہرین کو حیران کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آج کل ریاست کیرالہ کے گاؤں میں ایک مرغی سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جس نے چند روز قبل محض چھ گھنٹوں کے دوران 24 انڈے دیکر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال رکھا ہے۔
اتنے کم عرصے میں چوبیس انڈے دینے پر پولٹری ماہرین سمیت جانور پالنے والے حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے اور اسے ایک کارنامہ قرار دیا جارہا ہے۔
مرغی کی جانب سے اتنی تعداد میں انڈے دینے کی خبر گاؤں میں آگ کی طرح پھیل گئی اورمقامی لوگوں نے بیجو کے گھر کو گھیر لیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مرغی کے مالک بیجو کمار شخص نے حیران کن واقعہ کی روداد سناتے ہوئے بتایا کہ اتوار کی صبح میں نے مرغی کو لنگڑاتے ہوئے دیکھا درد کا اثر زائل کرنے کے لئے مرغی کی ٹانگوں پر تیل لگایا مگر تھوڑی دیر بعد ہی اس نے انڈے دینا شروع کردیئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مرغی ہائبرڈ نسل کی ہے، جس کی عمر آٹھ ماہ ہے، یہ ان 23 مرغیوں میں سے ایک ہے جسے بیجو کمار نے سات ماہ قبل بینک قرض کی مدد سے خریدا تھا۔
اس سے قبل حال ہی میں کرناٹک میں بھی اسی طرح کا غیر معمولی واقعہ پیش آیا تھا، جہاں مرغی نے کاجو کی شکل کے انڈے دئیے تھے۔