کراچی: کلفٹن کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز سے سارا تیل نکال لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل پر ریت میں پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 سے تیل بہنے کا خطرہ تھا، تاہم ساحل پر ماحولیاتی آلودگی کا خطرہ اب ٹل گیا ہے، مشیر جہاز رانی محمود مولوی کا کہنا ہے کہ جہاز میں 95 ٹن تیل موجود تھا جو اب نکالا جا چکا ہے۔
محمود مولوی نے جہاز کو نکالنے کے سلسلے میں بتایا کہ اس کے لیے 3 اسپیشل ٹگز آئندہ چند روز میں کراچی پہنچیں گے، دبئی سے آنے والے ٹگز کم گہرائی سے جہاز نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس سے قبل جو ٹگ جہاز نکالنے کراچی پہنچا تھا وہ ابھی خود مرمت کے لیے پورٹ پر کھڑا ہے۔
انھوں نے کہا جہاز کے مالک نے جہاز کے معاملات دیکھنے کے لیے اپنا ایجنٹ مقرر کر دیا ہے، جہاز کو نکالنے کے دوران کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری کمپنی کی ہوگی، جب کہ جہاز نکالنے کا عمل 15 اگست سے شروع ہوگا اور ایک ہفتہ جاری رہے گا۔
دعوؤں کے برعکس ہینگ ٹونگ سے 2 دن کے آپریشن میں بھی تیل نہیں نکالا جا سکا
واضح رہے کہ جہاز نکالنے کے لیے 2 سے 3 ٹگ دبئی سے کراچی پورٹ آئیں گے، جہاز نکالنے کے دوران اس کے ٹوٹنے کا بھی خطرہ ہے، جس کے لیے تمام اداروں کو الرٹ کیا جا چکا ہے، جب کہ جہاز نکالنے کے لیے سالویج ماسٹر سنگاپور سے آئے گا۔