پشاور : ریلویز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بذریعہ ٹرین کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن کی اسمگلنگ ناکام بنادی، ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریلوے پولیس کی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ایک کارروائی کے دوران ریلویز پولیس نے ہیروئن کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔
ریلوے اسٹیشن پشاور سٹی پر مسافر سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ ملزم جعفر ایکسپریس پر سفر کے لیے ریلوے اسٹیشن پشاور سٹی پہنچا تھا۔
ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق ایس ایچ او جمال عبدالناصر نے شک کی بنیاد پر مذکورہ مسافر کی تلاشی لی اور سامان سے ایک کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی۔
ملزم نے ہیروئن کا پیکٹ بیگ میں کپڑوں کے اندر خفیہ طریقے سے چھپا رکھا تھا۔ ساہیوال کا رہائشی ملزم ثقلین اللہ منشیات کو پشاور سے ملتان اسمگل کرنا چاہتا تھا۔
ملزم کو گرفتار کرکے تھانہ ریلویز پولیس پشاور کینٹ کے حوالے کردیا گیا ملزم کیخلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے دبئی اور سری لنکا ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی تھی۔
لیپ ٹاپ بیگز اور کیپسولز میں ہیروئن اسمگل کی جارہی تھی،ایس آئی یو نے کارروائی کے دوران دو بین الاقوامی ہیروئن اسمگلرز کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں وقار حسین اور محمد فیصل شامل ہیں۔