جمعرات, فروری 20, 2025
اشتہار

اسرائیلی فوج 18 فروری تک لبنان سے نکل جائے، حزب اللہ کی دھمکی

اشتہار

حیرت انگیز

بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کو 18 فروری کی ڈیڈ لائن تک لبنان سے مکمل طور پر نکل جانا چاہیے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق نومبر میں امریکا کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے تحت اسرائیلی فوج کو جنوبی لبنان سے انخلا کیلیے 60 دن کی مہلت دی گئی تھی۔ اکتوبر 2023 میں اسرائیل فوج حزب اللہ کے خلاف کارروائیوں کیلیے جنوبی لبنان میں داخل ہوئی تھی۔

بعدازاں ڈیڈ لائن کو بڑھا کر 18 فروری 2025 تک کیا گیا جبکہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں پانچ چوکیوں پر فوج رکھنے کی درخواست کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’حزب اللہ کی حکومت میں شمولیت ریڈ لائن‘ امریکا نے صاف بتا دیا

آج ٹیلی ویژن پر نشر تقریر میں سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم نے دشمن کو پیغام دیا کہ اس کو 18 فروری تک مکمل طور پر یہاں سے نکل جانا چاہیے، بعد میں اس کے پاس کوئی بہانہ نہ ہوگا کیونکہ یہ ایک معاہدہ ہے۔

نعیم قاسم نے کہا کہ 18 فروری کے بعد لبنانی سرزمین پر کسی بھی اسرائیلی فوجی کی موجودگی کو قبضہ تصور کیا جائے گا، ہر کوئی جانتا ہے کہ قبضہ کرنے کا انجام کیا ہوتا ہے۔

بدھ کے روز اسرائیل کے پبلک براڈکاسٹر نے بتایا کہ امریکا نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی طویل مدتی موجودگی کی اجازت دے دی ہے۔

نعیم قاسم کی تقریر نشر ہونے کے دوران اسرائیلی فوج نے لبنان کی مشرقی وادی بیکا میں تین فضائی حملے کیے۔

سربراہ حزب اللہ نے لبنانی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بیروت میں ایرانی پروازوں کی لینڈنگ پر پابندی پر نظر ثانی کرے۔ انہوں نے ایرانی طیاروں پر پابندی کو اسرائیلی حکم کا نفاذ قرار دیا۔

نعیم قاسم نے کہا کہ پروازوں کو اترنے کی اجازت دیں، ہم بھی دیکھتے ہیں اسرائیل کیا کرتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں