واشنگٹن: امریکا نے اسرائیل کو حزب اللہ کے ساتھ جنگ چھڑنے کی صورت میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ اگر حزب اللہ کے ساتھ مکمل جنگ چھڑ جاتی ہے تو واشنگٹن کی یقین دہانی کے مطابق امریکا تل ابیب کی مکمل حمایت کرے گا۔
بتایا جا رہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ یہ وعدہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیل کے قومی سلامتی کے مشیر زاچی ہانیگبی اور اسرائیل کے اسٹریٹجک امور کے وزیر رون ڈرمر سے ملاقات میں کیا تھا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ مکمل جنگ کی صورت میں امریکا اسرائیل کو فوجی مدد کی پیشکش کرے گا لیکن زمینی فوج تعینات نہیں کرے گا۔ واضح رہے کہ جنوبی لبنان اور شمالی اسرائیل میں کئی مہینوں سے سرحد پار سے حملے جاری ہیں، اب ان میں شدت آ گئی ہے اور اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔
لبنانی مسلح گروپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ چھڑ جاتی ہے تو پھر کسی اصول، کسی پابندی کی پاس داری نہیں کی جائے گی، اور کوئی بھی محفوظ نہیں ہوگا۔