جمعہ, ستمبر 20, 2024
اشتہار

حزب اللہ سربراہ کا اسرائیل سے دھماکوں کا بدلہ لینے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے اسرائیل سے مواصلاتی آلات کے دھماکوں کا بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔

لبنان میں مواصلاتی آلات میں دھماکوں کے بعد حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل سے مواصلاتی آلات کے ذریعے دھماکوں کا بدلہ لیا جائے گا، حزب اللہ ایسے دھماکوں سے کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہوگی، ہم گھٹنے نہیں ٹیکیں گے بلکہ بہادری سے دشمن سے لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو دھماکوں کی تحقیقات کررہی ہیں، اسرائیل ہزاروں افراد کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، دو دنوں میں ہزاروں لوگوں کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی، اسرائیل کی جانب سے لبنانی عوام کے خلاف اعلان جنگ کردیا گیا ہے۔

- Advertisement -

حزب اللہ سربراہ نے کہا کہ اسرائیلی حملے میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، مربوط حملے کرکے تمام پابندیوں اور سرخ لکیروں کو عبور کیا گیا ہے۔

حسن نصر اللہ نے کہا کہ اسرائیل نے حملے اسپتالوں، بازاروں، گھروں پر کیے جس میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اپنا حملہ پیجر ڈیوائسز کے ذریعے دھماکے کرکے شروع کیا، اسرائیل کی جانب سے دوسرے دن بھی حملہ کیا گیا جس کا مقصد ریڈیو ڈیوائسز لے جانے والے ہزاروں افراد کو مارنا تھا۔

حزب اللہ سربراہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی کارروائی دہشت گردی اور قتل عام کی کوشش تھی، یہ عمل لبنان کے عوام کی خودمختاری کے خلاف اعلان جنگ تھا جس میں اسرائیل کو امریکا اور ٹیک سپر پاورز کی حمایت حاصل ہے۔

واضح رہے کہ لبنانی وزارت صحت کے مطابق لبنان میں مواصلاتی آلات میں دھماکوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی ہے جبکہ حملوں میں زخمی ہونے والے 287 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے ٹھوس مؤقف اختیار کرے، یہ معاملہ صرف لبنان کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں