تازہ ترین

کراچی میں محرم کے دروان اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

کراچی: شہر قائد میں محرم الحرام کے دوران فلیگ مارچ اور اسنیپ چیکنگ کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ہوا جس میں کراچی میں  امن و امان کی صورتحال اور محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس حوالے سے ترجمان رینجرز کا بتانا ہے کہ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص نے اجلاس کی صدارت کی جس میں کمشنر، ایڈیشنل آئی جی اور جوائنٹ ڈی جی آئی بی بھی شریک ہوئے۔

تمام ڈی آئی جیزاور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا، ترجمان رینجرز کے مطابق اجلاس میں سیکیورٹی اقدامات اور لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔

ترجمان کا بتانا ہے کہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے محرم کے دوران مشترکہ فلیگ مارچ کیا جائے گا اور اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر  بنایا جائے گا۔

ترجمان کا بتانا ہے کہ اجتماعات، مجالس اور جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائیگا۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون کریں۔

Comments

- Advertisement -