لاہور: دورہ انگلینڈ کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق سے چیف سلیکٹر کا عہدہ واپس لیے جانے کا امکان ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے مصباح الحق کی جگہ چیف سلیکٹر کے عہدے کے لیے ایک ہائی پروفائل سابق فاسٹ بولر کی شمولیت پر غور کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی سی بی کی جانب سے مصباح سے ایک عہدہ واپس لینے کا مقصد ان کے اوپر سے بوجھ کو کم کرنا ہے، آئندہ تین سالوں میں آئی سی سی کے بڑے ایونٹ ہونا ہے اور پی سی بی کی خواہش ہے کہ مصباح ہیڈ کوچ کی حیثیت سے فرائض انجام دیں۔
مصباح کی جگہ ایک سابق فاسٹ بولر کو چیف سلیکٹر بنائے جانے کا امکان ہے جو اپنے دور میں اسٹار رہ چکے ہیں اور انگلینڈ سے سیریز ختم ہونے کے بعد ان کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں جہاں پانچواں بولر کھلایا جانا چاہئے تھا، مصباح سوشل میڈیا اور میڈیا کے دباؤ میں آگئے اور انہوں نے فواد عالم کو پلیئنگ الیون میں برقرار رکھا۔
ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی میں ردوبدل تو پہلے ہو چکا ہے، صوبائی کوچز کی تقرری کے بعد کمیٹی میں نئے لوگ آ چکے ہیں جبکہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کا عہدہ ایک ہی شخص کو دینے کا مقصد ایک ہی شخص کو ذمہ دار ٹھہرانا ہے، اس وقت ایک عہدہ واپس لینے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔