ریاض: شاہراہوں کے حوالے سے مملکت سعودی عرب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ عالمی سطح پر سرفہرست آ چکا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت نقل و حمل کے مطابق مملکت نے اپنے طول و عرض میں کئی دنوں پر مشتمل سفر کو بے مثال شاہراہیں تعمیر کر کے محض چند گھنٹوں کی مسافت بنا دیا ہے۔
مملکت کے مختلف شہروں میں شاہراہوں کی تعمیر سے طویل مسافت بھی سمٹ گئی ہے، ماضی میں جو مسافت کئی دنوں میں طے ہوتی تھی اب سمٹ کر گھنٹوں تک محدود ہو گئی ہے۔
وزارت نقل و حمل کا کہنا ہے کہ پہلے ریاض سے مکہ مکرمہ کا سفر 18 دن میں طے ہوتا تھا، شان دار شاہراہوں کی وجہ سے یہ سفر اب محض 9 گھنٹوں میں طے ہو جاتا ہے، جب کہ ماضی میں درالحکومت ریاض سے شہر قصیم جانے میں 5 دن لگتے تھے لیکن اب یہ سفر محض 4 گھنٹوں تک محدود ہو گیا ہے۔
وزارت کے مطابق ریاض سے حائل کا سفر 9 دن میں طے ہوتا تھا، اب یہ سفر 7 گھنٹے میں طے ہو جاتا ہے، ریاض سے الاحسا کا سفر 6 دن کا تھا، لیکن اب لوگ صرف 3 گھنٹے میں الاحسا پہنچ جاتے ہیں، جب کہ ریاض سے وادی الداوسر جانے میں بھی 6 دن لگتے تھے لیکن اب یہ صرف 6 گھنٹوں کی مسافت رہ گئی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز نے 1953 میں وزارت مواصلات کے نام سے وزارت نقل و حمل کے قیام کا فرمان جاری کیا تھا، اس وزارت نے سعودی عرب کے تمام علاقوں کو شاہراہوں کے ایک جال سے جوڑ دیا، اور اب مملکت میں شاہراہوں کے مجموعی نیٹ ورک کی لمبائی 75 ہزار کلو میٹر سے بھی زیادہ ہے۔
2019 کے بین الاقوامی مسابقتی فورم کے مطابق سعودی عرب شاہراہوں کے حوالے سے دنیا میں پہلے نمبر پر آ چکا ہے۔