نیوارک: امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں ہندو مندر کی دیواروں پر نامعلوم افراد نے نریندر مودی، بھارت مخالف اور خالصتان حامی نعرے لکھ دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ہندو امریکن فاؤنڈیشن کی جانب سے مندر کی دیواروں پر لکھے نعروں کی تصاویر شیئر کی گئیں۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دیواروں پر بھارت مخالف اور خالصتان کے حق میں نعرے تحریری کیے گئے ہیں۔
ہندو امریکن فاؤنڈیشن نے اس کے خلاف نیوارک پولیس اور محکمہ انصاف شہری حقوق سے رابطہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات ہونی چاہییں۔
متعلقہ: بھارت میں الیکشن کی آمد پر مودی سرکار کا فالس فلیگ آپریشن کا پروپیگنڈا بے نقاب
بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ دیکھا ہے، انتہا پسندی، علیحدگی پنسدی اور اس طرح کی قوتوں کو جگہ نہیں ملنی چاہیے۔
ایس جے شنکر نے بتایا کہ ہمارے قونصل خانے نے امریکی حکام سے اس واقعے کی شکایت کی ہے اور اس متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
سان فرانسسکو میں موجود بھارتی قونصل خانے نے مذکورہ واقعے کی مذمت کی اور بتایا کہ امریکی حکام کو اس بارے میں فوری تحقیقات کا کہہ دیا جبکہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔