بھوپال: بھارت میں بے لگام ہندو انتہا پسندوں نے ایک مسلمان کے گھر کی چھت پر مورتی لگانے کی کوشش کی۔
بھارت میں انتہا پسند ہندو بے قابو ہو گئے، بھارتی میڈیا کے مطابق ایک مسلمان کے گھر کی چھت پر مورتی نصب کرنے کی کوشش کی گئی، یہ واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے کھنڈوا میں پیش آیا۔
ہندو انتہا پسندوں نے ایک مسلمان کے گھر پر دھاوا بولا اور چھت پر چڑھ کر اپنے بھگوان کی مورتی لگانے کی کوشش کی، جب مسلمانوں نے روکنے کی کوشش تو انھیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اتوار کو پیش آنے والے واقعے کے حملہ آوروں کو گرفتار نہیں کیا۔
کھنڈوا کے پدم کنڈ وارڈ میں دوبے کالونی میں سابق کونسلر امیدوار رویندر اوہاد کی قیادت میں انتہا پسندوں کے ہجوم نے مبینہ طور پر شیخ اصغر کے گھر میں گھس کر ہنومان کی مورتی نصب کی اور اس کی پوجا کرنے لگے، جس پر دو برادریاں ایک دوسرے پر پتھراؤ کرنے لگیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ اصغر نے کہا کہ وہ ایک شادی میں شریک تھے، جب انھیں معلوم ہوا کہ کچھ لوگ ان کے گھر میں گھس گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ انھوں نے تقریباً تین ماہ قبل یہ گھر خریدا تھا۔
ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ وویک سنگھ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہ جھڑپوں میں پولیس اہل کار بھی زخمی ہوئے، انھوں نے اقرار کیا کہ ’’واقعہ جان بوجھ کر کیا گیا ہے۔‘‘