ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

پاکستانی شہری امریکی بینک میں اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے، تاریخی معاہدہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: امریکی ڈیجیٹل بینک اور پاکستانی نجی کمپنی میں تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد اب پاکستانی شہری امریکی بینک میں اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی نجی کمپنی نے امریکی ڈیجیٹل بینک مرکری (Mercury) کے ساتھ اہم معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت پاکستانی شہری امریکی بینک میں اپنا اکاؤنٹ کھول سکیں گے، درخواست گزار کے کوائف کی تصدیق پاکستانی کمپنی کرے گی۔

کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے تاجر برادری کو بڑی سہولت حاصل ہوگی، بینک کے ذریعے پے پال سروس بھی استعمال کی جا سکے گی، پاکستان میں پے پال سروس کے نہ ہونے سے رقم وصولی میں مشکلات تھیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ امریکی بینک کی شراکت داری سے ڈیجیٹل منی ٹرانسفر کا بڑا مسئلہ حل ہو سکے گا۔

ایجاد لیبز ڈیجیٹل ایکسلیٹر کے ارض شازم نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ہم پاکستان میں آئی ٹی میں کام کرنے والوں کو بڑھوتری کرنے میں مدد دیتے ہیں، مسئلہ یہ تھا کہ فری لانسر پے پال اکاؤنٹ نہیں کھول سکتے تھے، پاکستانی کمپنی اس کے ذریعے پاکستان میں رقم نہیں وصول کر سکتی تھی، اب اس معاہدے کے بعد کوئی بھی کمپنی نہ صرف امریکا میں اپنی کمپنی رجسٹرڈ کر سکتی ہے، اپنا بینک اور پے پال اکاؤنٹ بھی کھول سکتی ہے، جب کہ اس سے قبل انھیں اس کے لیے امریکا جانا پڑتا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے معاہدے سے آئی ٹی انڈسٹری جس کی تقریباً 4 بلین ڈالرز کی ایکسپورٹ ہے، کو سہولت ملے گی، اور انٹرنیشنل کسٹمرز سے پیسے وصول کرنے کا دیرینہ مسئلہ ہو حل ہو گیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم پاکستانی کمپنیوں کی ڈاکومینٹیشن میں مدد کریں گے، کاروباری حضرات امریکی ڈیجیٹل بینک کی ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بنانے کے لیے ہمارا انویٹیشن کوڈ درج کریں گے، اس ڈیجیٹل بینک کے ساتھ ہم نے پارٹنر شپ کی ہے، اور اس نے پاکستان کو استثنیٰ دیا ہے تاکہ یہاں لوگ اپنا اکاؤنٹ کھول کر سہولیات سے مستفید ہوں۔

واضح رہے کہ پاکستان سست روی سے مگر مرحلہ وار اپنی اکانومی کو ڈیجیٹل کرنے کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے حال ہی میں ‘ڈیجیٹل پاکستان’ منصوبے کا آغاز کر کے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوامی فلاح و بہبود کا ایک جامع نقطہ نظر پیش کیا ہے۔

اہم ترین

عبدالقادر
عبدالقادر
عبدالقادر پچھلے 8برس سے اے آر وائی نیوز میں بطور سینئر رپورٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے جڑی خبروں اور سیاسی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں