میلبرن: کیا ہوگا جب آپ فطرت کی پکار پر کسی سنسان جگہ پر جائیں اور اتفاق سے وہاں خفیہ خزانے دریافت کرلیں؟ یقیناً آپ لوگوں کی توجہ کا مرکز تو بن جائیں گے لیکن شاید آپ کو وجہ آمد بتاتے ہوئے بہت شرمندگی ہوگی۔
ایسا ہی کچھ ایک آسٹریلوی شہری کے ساتھ ہوا جو ڈرائیونگ کے دوران رفع حاجت کے لیے ایک سنسان جگہ پر اترا اور وہاں سے آسٹریلوی تاریخ کے اہم آثار قدیمہ دریافت کر بیٹھا۔
پہاڑوں میں پوشیدہ یہ جگہ 49 ہزار سال قبل آسٹریلیا کے اصل رہائشیوں یعنی ایبوریجنل افراد کی رہائش گاہ تھی۔ یہ جگہ آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ سے 340 میل دور شمال میں واقع ہے۔
اتفاقی دریافت کے بعد ماہرین نے اس جگہ کا جائزہ لیا تو یہاں سے کچھ ہڈیاں اور قدیم اشیا بھی برآمد ہوئیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اتفاقاً سامنے آنی والی یہ دریافت ایبوریجنلز پر کی جانے والی تحقیق کے لیے نہایت معاون ثابت ہوگی اور اس سے ان کی تحقیق کو نئی سمت ملے گی۔