بیوی کا سابقہ شوہر کے ساتھ واپس جانے سے انکار کرنے پر بے رحم شوہر نے ایڈز سے آلودہ انجیکشن لگادیا۔
بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی سابقہ بیوی کو ساتھ رہنے کے لیے واپس آنے سے انکار کرنے پر ایڈز پازیٹیو مریض کے خون والی انجیکشن لگادی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون فی الحال علاج کے لیے اسپتال میں داخل ہے اور آئندہ چند ماہ میں اس کے ضروری طبی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
بھارتی پولیس حکام کے مطابق ملزم کی شناخت 35 سالہ شنکر کامبلے کے نام سے ہوئی ہے جسے اس کی سابقہ بیوی کی شکایت پر ایڈز آلودہ انجیکشن لگانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم ڈرائیور ہے، اس کی شادی 15 سال پہلے ہوئی تھی تاہم اپنی بیوی کے کردار پر شک کی بنا پر کامبلے نے چند ماہ قبل اپنی بیوی کو قانونی طور پر طلاق دے دی تھی۔
پولیس کے مطابق بعد میں کامبلے نے اسے دوبارہ اپنے ساتھ رہنے کے لیے راضی کیا، لیکن متاثرہ خاتون نے کئی بار انکار کر دیا۔
ملزم نے بدلہ لینے کی سازش کی اور اپنی سابقہ بیوی کو ایک بار پھر ملنے پر راضی کیا، دونوں نے کچھ خریداری اور ایک ساتھ دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد کامبلے اپنی سابقہ بیوی کو ایک دور دراز مقام پر لے گیا اور ایک بار پھر اس سے واپس آنے کی درخواست کی۔
جب اس نے انکار کیا تو کامبلے نے اسے ایک آلودہ انجیکشن لگادیا جو اس نے جیب میں چھپا رکھا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزم نے بتایا کہ اس نے سرکاری اسپتال کے ایچ آئی وی وارڈ سے سرنج حاصل کی اور وہاں داخل ایک ایچ آئی وی سے متاثرہ مریض سے خون لیا۔