کراچی : شہر قائد میں طویل عرصے بعد ہاکی کا بین الاقوامی میلہ سج گیا، ورلڈ الیون نے پہلے نمائشی میچ میں پاکستان کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں برقی قمقموں کی جھلملاتی روشنی میں ورلڈ الیون اور پاکستان ٹیم کے اسٹارز جگمگائے، میچ سے قبل رنگارنگ افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں مقامی گلوکاروں نے آواز کا جادو جگایا۔
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، پاکستان ٹیم کی قیادت جنید منظوراور ورلڈ الیون کی قیادت راڈرک ویستھاف نے کی۔
ورلڈ الیون نے آسان مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
پاکستان کا واحد گول میچ کے پہلے ہاف میں عدیل لطیف نے اسکور کیا، ورلڈ الیون نے تیسرے اور چوتھے ہاف میں پانچ گول کرکے مقابلہ چار گول سے جیت لیا، مہمان ٹیم کے کپتان راڈریک نے ہیٹ ٹرک کی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ کراچی میں ہاکی کے کھیل کا انعقاد خوش آئند ہے، یہاں امن جیت رہا ہے اور دہشتگردی شکست کھارہی ہے، اب انشاءاللہ پی ایس ایل کا فائنل بھی کراچی میں منعقد ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں، کرکٹ کےبعد ملک میں ہاکی کی واپسی ہوئی ہے، صوبائی اور وفاقی حکومت مل کرکھیلوں کی واپسی پر کام کررہےہیں۔
وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ کراچی میں کرکٹ کے بعد ہاکی کے میدان بھی آباد ہورہے ہیں، سندھ حکومت قومی کھیل کے فروغ کیلئے پی ایچ ایف سے ہرممکن تعاون کو تیار ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان ہاکی ٹیم اورورلڈ الیون کی ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا نمائشی میچ اکیس جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔