زندگی گزارنے اور اپنی صلاحیتوں کو استعمال میں لانے کے لیے کام کرنا بے حد ضروری ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ زندگی کو صرف کام کی نذر کردیا جائے اور سیر و تفریح کا عنصر زندگی سے نکال دیا جائے۔
ماہرین کا کہنا اپنے کام سے تعطیلات لینا اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ سانس لینا، اور اس کی وجہ وہ بے شمار فوائد ہیں جو تعطیلات میں آپ کو حاصل ہوتے ہیں۔
آئیں دیکھتے ہیں وہ کون سے فوائد ہیں۔
ذہنی تناؤ میں کمی
ہم چاہے اپنی پسند اور دلچسپی کا کام ہی کیوں نہ کرتے ہوں، مستقل کام اور ذمہ داری ہمیں ذہنی تناؤ میں مبتلا کردیتی ہے۔
کام کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہونے والے بعض افراد ماہرین ذہنی امراض سے رجوع کرتے ہیں اور ڈپریشن کی گولیاں کھانے لگتے ہیں۔
اس کے برعکس اگر چند دنوں کے لیے دفتر سے چھٹیاں لے لی جائیں اور انہیں پرسکون طریقے سے گزارا جائے تو ڈاکٹر کے پاس جائے بغیر ذہنی تناؤ میں کمی ہوسکتی ہے۔
توجہ مرکوز کرنے میں مدد
بہت عرصے تک ایک ہی کام سر انجام دینے سے دماغ بے ربطی اور تھکن کا شکار ہونے لگتا ہے اور ہم اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنے میں مشکل کا سامنا کرتے ہیں۔
اس مسئلے کا سب سے آسان حل بھی چند دن کی تعطیلات ہیں جس میں آپ آرام کرسکیں، اپنی پسندیدہ فلمیں دیکھ سکیں یا سیر و تفریح کے لیے جائیں۔
اس سے آپ کے دماغ کو تبدیلی کا احساس ہوگا اور وہ تازہ دم ہوگا۔ تعطیلات کے بعد جب آپ اپنی ملازمت کو جوائن کریں گے تو نئے جوش و جذبے سے کام کا آغاز کریں گے۔
ملازمت کا اطمینان
ایک تحقیق کے مطابق ایسے افراد جو باقاعدگی سے تعطیلات پر جاتے ہیں وہ اپنی ملازمت سے زیادہ مطمئن ہوتے ہیں بہ نسبت ان افراد کے جو اپنے باس کی گڈ بک میں رہنے کے لیے کبھی تعطیلات نہیں لیتے۔
تعطیلات پر نہ جانے والے افراد اپنی ملازمت سے غیر مطمئن اور اکتاہٹ محسوس کرنے لگتے ہیں۔
خاندانی تعلق میں بہتری
روزمرہ کی مصروفیات میں ہم اپنے خاندان کے لیے وقت نہیں نکال پاتے۔
تعطیلات خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کا بہترین موقع ہے جس میں نئے سرے سے خاندان سے آپ کا رشتہ استوار ہوتا ہے اور رشتوں کی مضبوطی و بھروسے میں اضافہ ہوتا ہے۔
جسمانی صحت میں بہتری
تعطیلات آپ کی جسمانی صحت میں بھی بہتری لاتی ہیں۔
دفتر میں باہر کے کھانوں کی جگہ گھر کے بنے ہوئے غذائیت سے بھرپور کھانے آپ کی صحت کے بہت سےمسائل کو حل کرسکتے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔