جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

نسخہ کو مسجد الحرام میں رکھوایا جائے، ہاتھ سے قرآن لکھنے والی عمارہ کی خواہش

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی : قرآن کریم کی محبت سے سرشار راولپنڈی کی رہائشی عمارہ نے ہاتھ سے خوبصورت انداز میں کتاب الہٰی لکھ کر اہم کارنامہ انجام دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ میری خواہش ہے کہ میرا یہ نسخہ مسجد الحرام میں رکھوایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق دور جدید میں قرآن پاک کی اشاعت کا کام مشینوں سے لیا جاتا ہے مگر راولپنڈی کی رہائشی ایک عاشق قرآن لڑکی ایسی بھی ہے جس کی قرآ ن پاک پڑھ کر عقیدت کی پیاس نہ بجھی تو اسے ہاتھ سے تحریر کرکے اپنے دل کو قرآن پاک کی محبت سے منور کرلیا۔

- Advertisement -

مدینے جانے کی تڑپ اور آرزو میں مقدس کلام سے عقیدت کی انتہا کرنے والی عمارہ افشین نے قرآن کی رفعت و عظمت کو ایک سال کی صبر آزما محنت کے بعد اپنے ہاتھوں کی لکھائی سے اس قدر خوبصورت اور دلکش انداز سے تحریرکیا کہ لازوال کلام لاجواب قرآنی نسخہ بن گیا۔

عمارہ نے ایک سال کے عرصے میں قرآن پاک کا یہ نسخہ تحریر کیا، مقدس کلام پاک سے محبت عمارہ افشین کے دل کے کیف و سرور کا ایسا باعث بنی کہ انہوں نے ہر سپارے کا منفرد رنگ اور ہر سورۃ کا دلکش انداز سے آغاز کیا۔

قرآنی نسخہ میں عمارہ نے موتیوں کی طرح تحریر اور الفاظ پر اعراب لگانے کا کام بھی انتہائی نفاست اور باریک بینی سے کیا ہے، عمارہ کی خواہش ہے کہ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کرے اور قرآن حکیم کا یہ شاہکار مسجد الحرام میں رکھوایا جائے۔

یاد رہے کہ عمارہ افشین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں میڈل اور سرٹیفکیٹ سمیت خانہ کعبہ کا غلاف مبارک بھی بطور تحفہ مل چکا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں