راولپنڈی: نینشل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سولہویں میچ میں سینٹرل پنجاب نےسندھ کو (ڈک ورتھ لوئس میتھڈ) کے تحت بارہ رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ہوم سٹی سینٹرل پنجاب نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت سندھ کو 12 رنز سے شکست دے دی، سینٹرل پنجاب کی نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں سندھ کے خلاف پہلی کامیابی ہے، اس سے قبل دونوں ٹیمیں تین مرتبہ مدمقابل آئیں تاہم تینوں مرتبہ فتح سندھ کے نام رہی۔
سینٹرل پنجاب کی جانب سے 169 رنز کے تعاقب میں سندھ نے 14.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے تھے کہ تیز بارش کے باعث میچ روک دیا گیا،اس موقع پر ڈی ایل ایس پر اسکور 122 تھا، بارش نہ رکنے پر سینٹرل پنجاب کوفاتح قراردےدیا گیا۔
شرجیل خان 36 رنز بنا کر سندھ کے ٹاپ اسکور رہے، جارح مزاج بلے باز نے ابتدائی دو وکٹوں کے لیے خرم منظور اور شان مسعود کے ہمراہ بالترتیب 48 اور 28 رنز کی شراکت قائم کی تاہم ان کے بعد سندھ کا کوئی بھی کھلاڑی بڑی شراکت داری قائم نہ کرسکا۔
خرم منظور 14، شان مسعود 12، سرفراز احمد 7، محمد طحہٰ 8 اور انور علی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سعود شکیل 14 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا، سینٹرل پنجاب کے نوجوان اسپنر قاسم اکرم نے 4 اوورز میں 20 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، ثمین گل نے 2 اور وہاب ریاض نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔