لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کو گھر میں آئسولیٹ کرنے کا مراسلہ جاری کردیا گیا، مریض کے گھر کا جائزہ لینے کے بعد آئسولیٹ ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے کرونا وائرس کے مریضوں کو گھر میں آئسولیٹ کرنے کا مراسلہ جاری کردیا، اس سلسلے میں ایس او پیز بھی جاری کر دیے گئے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گھر کا جائزہ لینے کے بعد ہوم آئسولیٹ ہونے کی اجازت ملے گی، گھر کا جائزہ ہوم آئسولیشن کمیٹی لے گی۔
مراسلے کے مطابق گھر میں آئسولیٹ ہونے والے مریض کی چیک لسٹ بنائی جائے گی، گھر میں آئسولیٹ ہونے کے لیے گھر کے کمروں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ الگ کمرہ نہ ہونے پر گھر میں آئسولیٹ ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مریض اور خاندان کو کرونا وائرس کے بارے میں آگاہی دی جائے گی، مریض کی یومیہ رپورٹ بھی محکمہ صحت کو دی جائے گی۔
خیال رہے کہ اب تک ملک بھر میں کرونا وائرس کے 29 ہزار 465 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1 ہزار 991 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کرونا وائرس سے اب تک 639 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 8 ہزار 23 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔