کراچی : گھریلو ناچاقی پر سرجانی ٹاوٴن میں شوہر نے بیوی اور ساس کو قتل کردیا۔ خلع کیلئے عدالت جانے والی خاتون اور اس کی ماں کو شوہر نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، واردات کے بعد ملزم فرارہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گھر یلو تنازعے کے شاخسانے نے دو خواتین کو موت کے گھاٹ اتاردیا، کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ملک ناصر نامی شخص نے گھریلو تنازعہ پراپنی بیوی کرن اورساس کوقتل کردیا۔
فائرنگ سے ملزم کا سسر بھی زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق زخمی سسر عابد نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ اُن کی بیٹی اور بیوی آج خلع کے لئےعدالت جارہی تھیں کہ اس کے داماد ناصر نے فائرنگ کرکے بیٹی اور بیوی کو قتل کردیا۔
واقعہ کے بعد ماں بیٹی کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں پولیس مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے ماررہی ہے، ملک ناصر کی کرن سے 4 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔