کراچی: شہر قائد سے ایک اور شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہو گیا ہے، جس کی رہائی کے لیے تاوان کی ویڈیو بھی اہل خانہ کو بھیجی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف کے رہائشی اللہ یار کو کشمور میں ہنی ٹریپ کیا گیا ہے، مغوی کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ شاہ لطیف میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مغوی کے بھائی نے رپورٹ لکھوائی کہ ان کا بھائی 18 دسمبر سے لاپتا ہے، اب ڈاکوؤں نے ویڈیو جاری کی ہے اور بھائی کی رہائی کے لیے 50 لاکھ روپے تاوان مانگ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی کراچی کے 3 نوجوان کچے کے ڈاکؤوں کے جھانسے میں آ کر ہنی ٹریپ کا شکار ہو گئے تھے، اغوا ہونے والے نوجوانوں کی زنجیروں میں بندھی ویڈیو بھی اہل خانہ کو بھیجی گئی تھی، ان میں 2 آپس میں کزن تھے، اغوا کا مقدمہ کراچی کے تھانہ رضویہ سوسائٹی میں درج کیا گیا ہے۔
کراچی سے اغوا تین نوجوانوں کی زنجیروں سے بندھی ویڈیو اہلخانہ کو موصول
ہنی ٹریپ کے شکار ان نوجوانوں کی بازیابی کے سلسلے میں تاحال پولیس کی جانب سے پیش رفت کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آ سکی ہے، مغوی نوجوان وحید آباد گلبہار کے رہائشی ہیں، اور آن لائن صوفہ کارپٹ کلیننگ کا کام کرتے تھے، جن کی رہائی کے عوض ڈاکو 20 لاکھ روپے فی کس تاوان مانگ رہے ہیں۔
ہنی ٹریپ ہونے والے تینوں نوجوان 2 جنوری کی شب کراچی سے بس کے ذریعے گھوٹکی روانہ ہوئے تھے۔