ہانگ کانگ سپر سکسز کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ہانگ میں کھیلے جا رہے سپر سکسز ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستان نے جیت کے لیے ملنے والا 108 رنز کا ہدف ایک گیند قبل 5.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اوپنرز محمد اخلاق اور آصف علی 32، 32 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ عامر یامین نے 8 گیندوں پر 24 اور کپتان فہیم اشرف نے 9 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کو جیت سے ہمکنار کیا۔
فہیم اشرف کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا ہے۔ راؤنڈ میچ میں یو اے ای اور روایتی حریف بھارت کو دھول چٹائی۔ کوارٹر فائنل میں ایونٹ کے دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کو مات دی اور اب آسٹریلیا کو زیر کیا۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے جس کی فاتح ٹیم آج دوپہر پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر پونے دو بجے گرین شرٹس کے مدمقابل ہوگی۔
ہانگ سپر سکسز 7 سال کے وقفے کے بعد کھیلا جا رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ پانچ، پانچ بار چیمپئن رہ کر سر فہرست ہیں جب کہ پاکستان نے چار بار یہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے اور آج فائنل جیت کر وہ مذکورہ دونوں ٹیموں کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر پہنچ سکتا ہے۔
بھارت، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، سری لنکا نے ایک، ایک بار سپر سکسز ٹورنامنٹ جیتا ہے۔