جدہ: سعودی ہُوریکا کے پلیٹ فارم سے منعقدہ انٹرنیشنل شیف مقابلوں میں پاکستانی شیف حنا شعیب نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جدہ میں منعقدہ ہُوریکا انٹرنیشنل شیف مقابلوں میں 30 سے زائد مختلف ممالک کے شیفز نے حصہ لیا، پاکستان کی جانب سے واحد شیف حنا شعیب منتخب ہوئیں۔
حنا شعیب نے تیسری پوزیشن لے کر 2 میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔
انھوں نے 2 مختلف کٹیگریوں کے مقابلوں میں گولا کباب اور پوریاں، اور ہنٹر بیف سینڈوچ بنا کر تیسری پوزیشن حاصل کر کے کانسی کے 2 تمغے اپنے نام کیے۔
اس سے قبل بھی شیف حنا شعیب سعودی فوڈ ایکس کوکنگ مقابلوں میں اپنی محنت اور لگن سے 2 تمغے جیت چکی ہیں۔
شیف حنا شعیب کا کہنا تھا کہ ان میڈلز کو جیتنے کے لیے میری فیملی نے مجھے بھرپور سپورٹ کیا اور میں یہ میڈلز اپنے ملک پاکستان کے نام کرتی ہوں۔
انھوں نے کہا میرے پاس پروفیشنل شیف ڈگری تو نہیں ہے لیکن میری محنت اور جذبہ اتنا ہے کہ میں نے سعودی عرب میں بین الاقوامی سطح پر دوسری بار یہ میڈلز جیتے ہیں۔